قلندرز یا کراچی کنگز ، پاکستان سپر لیگ کے سپر چمپئن کا آج فیصلہ

Published On 17 November,2020 09:50 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کا سپر فائنل آج ہو گا، لاہور قلندرز یا کراچی کنگز میں سے پہلی بار چیمپئن کا تاج سجے گا۔ چمچماتی ٹرافی نے کرکٹ دیوانوں بلکہ کھلاڑیوں کو بھی پرجوش کر دیا، کپتان عماد وسیم اور سہیل اختر نے بھی جیت کا عزم ظاہر کر دیا۔

روشنیوں کے شہر میں کرکٹ اسٹارز کی جگمگ جگمگ، پی ایس ایل فائیو کا فیصلہ کن مقابلہ آج لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہو گا۔ چھوٹے فارمیٹ کا بڑا فائنل رات آٹھ بجے شیڈول ہے، کرکٹ دیوانے بے قرار ہیں، سب کو میچ کا شدت سے انتظار ہے۔

کرکٹ کے فیورٹ میچ میں چھکے، چوکوں کی برسات ہو گی اور وکٹوں کی بات ہو گی۔ بڑے مقابلے کے لیے ٹیموں کے بڑوں نے سر جوڑ لیے، سارے جوڑ توڑ مکمل کر لئے، کھلاڑیوں نے جم کر پریکٹس کی اور فٹبال کھیل کر ریلیکس ہوئے۔

چمچماتی ٹرافی کی رونمائی اور پانچ لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ہر کھلاڑی کی نظریں للچاتی نظر آ رہی ہیں، دونوں کپتانوں نے جیت کا عزم ظاہر کر دیا، فوٹو سیشن کے بیان بازی کے ایکشن عماد وسیم کا کہنا تھا کہ بڑا میچ ہے، بڑی ٹیم کے خلاف پوری جان لڑائیں گے۔

پلے میچز میں مسلسل فتوحات کے بعد کپتان سہیل اختر نے کہا کرکٹ کے زندہ دلان کو اچھی خبر سنائیں گے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج جو بھی ٹیم جیتے، فتح پاکستان کرکٹ اور کرکٹ دیوانوں کی ہو گی۔