لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے کرونا ٹیسٹ منفی آ گئے، تمام غیر ملکی آج رات سے اپنے اپنے وطن روانہ ہو جائیں گے، جبکہ 15 اپریل تک ملتوی میچز نہ ہوئے تو ٹاپ ٹیم ملتان سلطانز کو چیمپئن قرار دے دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس درد سر بن گیا، پی سی بی حکام نے زبردست انداز میں متحرک ہو کر لیگ کے ملتوی ہونے پر تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کیے، کوئی ایک کیس بھی سامنے نہ آیا۔
تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے سفری سہولیات مکمل کر لی گئی ہیں،انٹرنیشنل ایئرلائن پر خصوصی انتظامات ہو گئے ہیں، صبح 6 بجے تک تمام کھلاڑیوں کی روانگی ہو جائے گی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے ملتوی میچز کے لیے پندرہ اپریل تک کی ڈیڈلائن دی گئی اگر ممکنہ تاریخ تک میچ نہ ہو سکے تو نمبر ون ملتان سلطانز کو چیمپئن قرار دے دیا جا سکتا ہے ۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند ہیں جبکہ قومی سطح کے کرکٹ ٹورنامنٹ "پاکستان کپ" کو 15 اپریل تک ملتوی کیا گیا ہے۔