اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بڑھنے لگا، ترسیلات زر میں 55 فیصد اضافہ

Published On 10 March,2025 07:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں ترسیلات زر کا نیا سنگ میل عبور، سالانہ بنیادوں پر 55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فروری 2025 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر 3 ارب 10 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

جنوری 2025 کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 4 فیصد اضافہ ہوا جس سے معیشت، حکومتی ذخائر اور درآمد کنندگان کے لیے لیکویڈیٹی کو انتہائی ضروری مالی مدد ملی۔

مالی سال 25 کے پہلے 8 ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران ترسیلات زر 23 ارب 97 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 32 اعشاریہ 5 فیصد زیادہ ہیں۔

حکومت نے مالی سال 25 کے لیے ترسیلات زر کا تخمینہ 35 ارب ڈالر لگایا تھا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 ارب ڈالر زیادہ ہے، تاہم ترسیلات زر پہلے ہی توقعات سے تجاوز کرچکی ہیں، اور صرف آٹھ ماہ میں 5.9 ارب ڈالر کی اضافی ترسیلات زر موصول ہوچکی ہیں۔

اسی طرح پاکستان کو سب سے زیادہ سعودی عرب سے 74 کروڑ 44 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، متحدہ عرب امارات سے 65کروڑ 22 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 50کروڑ اور امریکاسے 30 کروڑ 94 لاکھ ڈالر ملے۔