اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ’’گرین پاکستان انیشیٹو‘‘ (جی پی آئی) کی پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔
ایس آئی ایف سی اور جی پی آئی کے اقدامات کی بدولت معیشت میں استحکام اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
جی پی آئی کی کامیاب حکمت عملی کے باعث ملک کی زرعی ترقی کیلئے قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے، جی پی آئی کے تحت چولستان کی بنجر زمین کو قابلِ کاشت بنا کر زرعی انقلاب کے ذریعے معاشی استحکام کی کوششیں جاری ہیں۔
جدید آبپاشی کے نظام کے قیام کیلئے پنجاب بھر میں 25 ’’گرین ایگری مال‘‘ کا قیام جی پی آئی کی اہم کامیابی ہے، عام کسانوں کی تربیت کیلئے ’’سمارٹ ایگری فارم‘‘ کے قیام سے ملک کی 95 فیصد زراعت کی ترقی ممکن ہوئی ہے۔
کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور بیج فراہم کئے جانے کا بنیادی مقصد زرعی شعبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، اس کے علاوہ ’’ایگری ریسرچ اینڈ فسیلیٹیشن سینٹر‘‘ بشمول لیبارٹری سروسز کسانوں کو تمام زرعی اور تکنیکی خدمات فراہم کرے گا۔
زرعی ترقی کیلئےجاری جی پی آئی کی کاوشوں کی بدولت گندم، کپاس اور دیگر اجناس سمیت اہم فصلوں کی برآمدات میں اضافہ متوقع ہے۔
جی پی آئی کے منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی، معیاری بیج، اور بہتر آبی وسائل سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔