کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2024 کی ادائیگیوں کے نظام کا جائزہ جاری کردیا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال زیرگردش کرنسی نوٹوں کا حجم 12 فیصد اضافے سے 9153 ارب روپے ہوگیا، مالی سال میں بینکوں اور مائیکرو فنانس بینک برانچوں کی تعداد 757 کے اضافے سے 18 ہزار 450 جبکہ اے ٹی ایم مشینوں کی تعداد 849 کے اضافے سے 18 ہزار 957 ہوگئی۔
مرکزی بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ بینکنگ صارفین کی تعداد 25 فیصد بڑھ کر ایک کروڑ 20 لاکھ ہوگئی جبکہ موبائل بینک صارفین کی تعداد 26 لاکھ اضافے سے ایک کروڑ 87 لاکھ پر پہنچ گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں پوائنٹس آف سیل (پی او ایس) مشینوں کی تعداد 10 ہزار 305 کے اضافے سے ایک لاکھ25 ہزار 593 ہوگئی ہے جبکہ برانچ لیس بینکنگ ایجنٹس کی تعداد 32 ہزار 51 کے اضافے سے 6 لاکھ 62 ہزار 84 ہوگئی ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں 15لاکھ 89 ہزار 600 ارب روپے کی 6 ارب 39 کروڑ 36 لاکھ ادائیگیاں کی گئیں، رواں مالی سال میں 58 لاکھ بڑی ادائیگی کی گئیں، مالی سال 2024 میں کی گئی بڑی ادائیگیوں کی مالیت 10 لاکھ 43 ہزار 100 ارب رہی۔
رواں مالی سال میں 6 ارب 38 لاکھ 78 ہزار ریٹیل ادائیگیاں کی گئیں، ریٹیل ادائیگیوں کی مالیت 5 لاکھ 46 ہزار 500 ارب روپے رہی، ایک ارب ایک کروڑ 65 لاکھ ریٹیل ادائیگیاں کاؤنٹرسے ہوئیں، مالی سال میں 5 ارب 37 کروڑ 13 لاکھ ڈیجیٹل ادائیگیاں کی گئیں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی مالیت 95 ہزار 600 ارب روپے رہی۔