اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے ترک وزیر تجارت ڈاکٹر عمر بولات کی سربراہی میں سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ترک سرمایہ کاروں کے وفد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، ترکیہ اور پاکستان ایک قوم دو ریاستیں ہیں، حکومت پاکستان دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کی خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک صدر عزت مآب رجب طیب اردوان سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین تجارتی حجم کو موجودہ سطح سے بڑھا کر سالانہ 5 ارب ڈالر پر پہنچانے پر اتفاق ہوا ہے، تجارتی حجم کو سالانہ 5 ارب ڈالر پر پہنچانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں، ترکیہ کے سرمایہ کار وفد کا دورہ پاکستان میں ترکیہ کی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا۔
ترک وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ 54 ترک سرمایہ کار کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا موجودہ حجم 3.5 ارب ڈالر ہے۔
ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا اور 2023 کے زلزلے میں پاکستان کی جانب سے متاثرہ ترک بہن بھائیوں کی بھرپور امداد پر وزیرِ اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔