اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گلوبل سسٹمز فار موبائل کمیونی کیشنز (جی ایس ایم اے) ایشیا پیسفک کے سربراہ جولئین گورمین (Julian Gorman) کی قیادت میں جی ایس ایم اے کے 4 رکنی وفد نے ملاقات کی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترویج کے حوالے سے آج اسلام آباد میں ڈیجیٹل نیشنل سمٹ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے، ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اقدامات میں جی ایس ایم اے کا انتہائی بنیادی اور اہم کردار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کیلئے لائحہ عمل پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، عام آدمی کی انٹرنیٹ تک بہتر رسائی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، ای-گورننس، نوجوانوں میں ڈیجیٹل سکلز کی پیشہ ورانہ تربیت اور جدت اور اس شعبے میں کاروبار کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں کی ترقی کے حوالے سے وفاقی حکومت نے اس مالی سال میں تاریخی ترقیاتی بجٹ مختص کیا ہے، ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، ہمارا ویژن ہے کہ ہر شخص کے پاس سمارٹ فون ، ہر گھر میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور ہر کاروبار میں کیو آر کوڈ کی سہولت ہو۔
وفد نے وزیراعظم کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی کام سروسز کے فروغ کے حوالے سے جی ایس ایم اے کے کردار بارے آگاہ کیا، وفد نے حکومت پاکستان کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشنز اتھارٹی میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔