کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ساتھ میونسپل ٹیکس ریکوری سے متعلق معاہدہ کیا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے الیکٹرک سے معاہدہ ہونے کے بعد جولائی سے ٹیکس وصول کیاجائے گا، یہ ٹیکس دو جون 2008ء سے لگا ہوا ہے، جو ٹیکس پانچ ہزار روپے ہوتا تھا اسے کم کرکے چار سو روپے پر لے آئے ہیں، گھروں کے ٹیکس کو ایک ہزار روپے سے ایک سو پچھتر روپے پر لے آئے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ جو لوگ سو یونٹ استعمال کرتے ہیں ان سے یہ ٹیکس نہیں لیا جائے گا، دو سو ایک یونٹ استعمال کرنے والوں سے ایک سو پچھتر روپے ٹیکس وصول کیا جائے گا، ٹیکس کی مد میں چار ارب روپے کی ریکوری متوقع ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر کی تمام یوسیز میں اس پیسے کو منصفانہ طریقے سے استعمال کیا جائے گا، اورنگی، بلدیہ صدر سمیت تمام علاقوں میں یکساں ترقیاتی کام کروائے جائیں گے، آئندہ آنے والے میئر اس کونسل کو یاد رکھیں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ ہم نے اپنی تنخواہ بڑھانے کیلئے قرارداد پیش نہیں کی۔