معدنیاتی استعداد عالمی معیشت میں مستقل جگہ بنانے کا سنہری موقع ہے، شہباز شریف

Published On 01 August,2023 10:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معدنیاتی استعداد ہمارے لیے عالمی معیشت میں اپنی مستقل جگہ بنانے کا ایک سنہری موقع ہے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں پاکستان منرل سمٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی اور صوبائی وزراء، غیر ملکی معززین، سرمایہ کاروں اور صنعتی و تکنیکی ماہرین نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں وزیراعظم نے پاکستان موجود معدنیاتی وسائل کی استعداد کو قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لانے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے بیرک گولڈ کمپنی کے وفد کی مارک برسٹوو کی سربراہی میں ملاقات

شہباز شریف نے کہا کہ سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل پاکستان میں معدنیات اور دیگر صنعتی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا ایک موثر پلیٹ فارم ہے۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان میں معدنیات اور دیگر شعبوں میں صنعت کاری کے منظر نامے کو تبدیل کرنے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے کردار کو اہم قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان میں معدنیات کی صنعت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔