لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کے بجٹ پیش کرنے کے بعد ایف پی سی سی آئی عہدیداروں نے کہا کہ بجٹ میں صرف اچھی باتیں کی گئی ہیں، کڑوی باتیں نہیں بتائی گئیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ظاہری طور پر جو بجٹ پیش کیا گیا ہے وہ ٹھیک لگ رہا ہے، آئی ٹی سیکٹر کو ایس ایم ای کا درجہ دینے سے ملک کے آئی ٹی سیکٹر کو ترقی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو ترقی دینے کے حوالے سے مختص 5 ارب روپے کی رقم نا کافی ہے، اس میں اضافہ ہونا چاہئے، دفاع کے لئے مختص بجٹ اچھا ہے، سمگلنگ کی روم تھام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بھی اچھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی بجٹ:پنشن میں ساڑھے 17، تنخواہوں میں 35 فیصد تک اضافے کا اعلان
عرفان اقبال شیخ نے مزید کہا کہ زراعت کے لئے اقدامات سے ملک میں بہتری آئے گی، کسان بھی خوشحال ہو گا۔
نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس میاں انجم نثار نے کہا کہ بجٹ میں کمپنیوں پر ٹیکس کے حوالے سے بہتری کی گئی ہے، انڈسٹری اور کمرشل امپورٹرر کے درمیان خلاء کو ختم کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں بہتر اقدامات کئے گئے ہیں لیکن تحقیق پر توجہ نہیں دی گئی، اجناس کے بارے میں کوئی خاص بات نہیں کی گئی۔