پاکستان مشکلات سے نکل گیا، ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں: مفتاح اسماعیل

Published On 01 August,2022 04:50 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مشکلات سے نکل گیا ہے، ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں، قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف سے قرض حصولی کے لئے کیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے عالمی جریدے" بلوم برگ"کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سخت اقدامات سے درآمدات میں کمی واقع ہوئی، جولائی میں درآمدات 35 فیصد کمی کے بعد 5 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی، درآمدات میں کمی سے جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی ہوگی، اس کے علاوہ روپے پر دباؤ بھی کم ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکلات سے نکل گیا ہے اور اب ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں، آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے پاکستان تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پر کردے گا۔