امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مسلسل تنزلی کا شکار

Published On 03 March,2022 04:27 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مسلسل تنزلی کا شکار ہونے لگا جبکہ اُتار چڑھاؤ کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 21 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 177 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 177 روپے 83 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 11.60 پوائنٹس کی معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 44525.72 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.03 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 10 کروڑ 77 لاکھ 39 ہزار 600 شیئرز کا لین دین ہوا۔