عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گذشتہ دو ماہ کے دوران 43 فیصد تک بڑھ گئیں

Published On 02 March,2022 01:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گذشتہ دو ماہ کے دوران 43 فیصد تک بڑھ گئیں، رواں مالی سال پاکستان کا تیل درآمدات کا بل تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ سکتا ہے۔

جنوری 2022 میں امریکی خام تیل کی قیمت 76 ڈالر فی بیرل تھی جو خطے کی بدلتی صورتحال کے باعث اس وقت 109 ڈالر فی بیرل پر پہنچ چکی ہے جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت جو جنوری میں 79 ڈالر فی بیرل تھی، 111 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باعث تیل درآمد کرنے والے ممالک کی پریشانی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، خام تیل کی قیمت دس ڈالر فی بیرل بڑھنے سے پاکستان کا ماہانہ 15 کروڑ ڈالر کا درآمدی بل بڑھے گا جبکہ جنوری سے اب تک خام تیل کی قیمت 30 ڈالرفی بیرل بڑھ تک چکی ہے۔ تاریخ میں پہلا موقع ہوگا جب پاکستان کے تیل درآمدات کا بل 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یوکرین پر روسی حملے کے نتیجے میں خام تیل کی فراہمی متاثر ہوئی ہے جس کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔