اسلام آباد:(دنیا نیوز)حکومت نے عوام کو نئے سال پر مہنگائی کا تحفہ دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات 4 روپے 15 پیسے تک مہنگی کردی گئی ہیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4روپے اضافہ کردیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 144روپے 82پیسےفی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے اضافے کے بعد 141 روپے 62 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی جبکہ لائٹ ڈیزل 4 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 111 روپے 6 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 95 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 113 روپے 53 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاع آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات پر زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا، وزیر اعظم نے صرف آئی ایم ایف سے طے شدہ 4 روپے لیوی میں اضافہ کیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اوگرا کی سفارش کے مطابق نہیں کیا۔
قبل ازیں ملک میں مہنگائی تھم نہ سکی اور17 ہزار روپے ماہانہ کمانے والے افراد کے لیے 21.92 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں اضافہ ہوا ۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ حالیہ ہفتے برائلر مرغی 4 روپے 25 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ،انڈے 2روپے 69 پیسے فی درجن ،دال مسور 2 روپے 27 پیسے فی کلو ،اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ 8 روپے 77 پیسے مہنگا ہوا ۔
اعدادوشمار کے مطابق اڑھائی کلو گھی کے ڈبے کی قیمت 1014 روپے 15 پیسے ہوگئی ہے ، دال چنا 1 روپے 29 پیسے فی کلو ،لہسن ایک روپے 82 پیسے فی کلو ،چینی 59 پیسے فی کلو مہنگی ،مٹن 4 روپے 53 پیسے فی کلواور بیف کی قیمت میں98 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ۔
حالیہ ہفتے 7اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ،ٹماٹر 24 روپے 68 پیسے فی کلو ،آلو 3 روپے 57 پیسے فی کلو سستے ہوئے ،سرخ مرچ کے 200 گرام پیکٹ کی قیمت میں 20 روپے 51 پیسے کمی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران پیاز 88 پیسے فی کلو سستے ہوئے جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 39 روپے 15پیسے سستا ہوا۔
آٹے کا بیس کلو کاتھیلا 4 روپے 95پیسے سستا ہوا جبکہ حالیہ ہفتے 22 اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں استحکام رہا۔
دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)نے جنوری کیلئے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 90 پیسے، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 69 روپے 63 پیسے کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جنوی کیلئے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2ہزار 320 روپے مقررکی گئی ہے جبکہ دسمبر میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت دو ہزار 390 روپے تھی۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ صحت کارڈ کے بعد حکومت نے نئے سال کے تحفے کے طور پر ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 6روپے تک فی کلو کمی کر دی ہے، ملک کی 72 فیصد آبادی جو پائپ گیس سے محروم ہے اس کو براہ راست فائدہ ہو گا ، آئندہ سال میں توانائی اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئے گی۔