امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بحالی کا سلسلہ جاری

Published On 03 November,2021 04:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپیہ کی قدر کی بحالی جاری ہے، امریکی ڈالر 170 روپے کی قدر بھی کھو بیٹھا جبکہ سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 80.48 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی 170 روپے کی حد گر گئی۔ امریکی ڈالر 57 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 170 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 169 روپے 97 پیسے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کی طرف سے اربوں ڈالر امداد ملنے سے قبل روپیہ مسلسل تنزلی کی طرف جا رہا تھا جس کے باعث ایک موقع پر امریکی ڈالر 175 روپے کی حد عبور کر گیا تھا، گزشتہ چھ کاروباری روز کے دوران امریکی ڈالر 5 روپے سے زائد سستا ہوا۔

اُدھر اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 70 پیسے سستا ہوا اور 170 روپے 80 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 80.48 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 47032.44 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران 0.17 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔