لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران امریکی ڈالر کی قدر میں مزید 49 پیسے مہنگا ہو گیا، دورانِ ٹریڈنگ ڈالر 174 روپے 10 پیسے پر بھی ٹریڈ ہوا تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور قیمت 173 روپے 47 پیسے بڑھ کر 173 روپے 96 پیسے ہو گئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for today: https://t.co/wqpWAXJuPw pic.twitter.com/q7sdXoK9tu
— SBP (@StateBank_Pak) October 21, 2021
رواں مالی سال میں اب تک ڈالر 16 روپے 42 پیسے مہنگا ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال روپے کی قدر میں 10 اعشاریہ 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق روپے پر اضافی دباؤ حکومت، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مابین جاری مذاکرات کے اختتام کے لیے طے شدہ ٹائم فریم نہ ہونے سے پیدا ہوا جس کی وجہ سے فنڈ سے اگلی قسط جاری کرنے میں تاخیر ہوئی۔ حکومت کو دباؤ کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر غیر ملکی سرمائے کی آمد میں اضافے کی حکمت عملی بنانا ہو گی تاکہ ڈالر کی قیمت مزید نہ بڑھ سکے۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 321.94 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی اور انڈیکس 45821.40 کی سطح پر پہنچ گیا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.71 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 18 کروڑ 10 لاکھ 7 ہزار 767 شیئرز کا لین دین ہوا، تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 60 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔