کے پی حکومت آئندہ مالی سال 34 ارب سے زائد قرضے لے گی، اپوزیشن کی تنقید

Published On 23 June,2021 08:58 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت رواں مالی سال کی طرح آئندہ مالی سال بھی قرضے لے گی، سب سے زیادہ قرضہ انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن سے 34 ارب روپے سے زائد لیا جائیگا، اپوزیشن اراکین کہتے ہیں مزید قرضے لینے سے بوجھ بڑھے گا۔

خیبرپختونخوا حکومت آئندہ مالی سال میں انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن سے سب سے زیادہ 34 ارب 78 کروڑ سے زائد قرضہ لے گی، ایشیائی ترقیاتی بنک سے 33 اعشاریہ 68 ارب روپے کا قرضہ لیا جائیگا، اپوزیشن اراکین نے بھی بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ میں اضافے پر تنقید کی۔

اگلے مالی سال کے لیے آئی ایف اے ڈی سے ایک ارب روپے کا قرضہ لیا جائے گا جبکہ عالمی بنک سے 2 اعشاریہ 53 ارب روپے قرضے کا حصول بھی شامل ہے، وزیر خزانہ کہتے ہیں صوبے پر قرضوں کا بوجھ 2 فیصد ہے جبکہ ریونیو 25 فیصد جس کے بعد قرضوں کی ادائیگی ممکن ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے رواں مالی کے دوران 95 مختلف مںصوبوں کے لیے 268 ارب روپے سے زائد کا قرضہ لیا جاچکا ہے۔