خیبرپختونخوا کا بجٹ آج پیش ہو گا، تخمینہ ایک ہزار ارب سے زائد رکھنے کی تجویز

Published On 18 June,2021 09:13 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا آئندہ مالی سال 22-2021کا بجٹ آج پیش ہوگا، بجٹ کا تخمینہ ایک ہزار ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز ہے، ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے اور ترقیاتی پروگرام کے لئے 370 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت آئندہ مالی سال 2021-22 کا بجٹ آج پیش کرے گی، صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا بجٹ پیش کرینگے، بجٹ کا تخمینہ ایک ہزار ارب سے زائد، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 370 ارب روپے سے زائد اور بندوبستی اضلاع کے لئے 250 ارب اور قبائلی اضلاع کے لیے 120 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے۔

گریڈ ایک سے 19 تک سرکاری ملازمین کے لیے 25 فیصد اورگریڈ 19 سے 22 تک کے لئے 10 فیصد اضافے کی تجویز سمیت مزدوروں کی ماہانہ اجرت کم سے کم 21 ہزار روپے کرنے کئ بھی تجویز شامل ہے۔

بجٹ میں غیر ملکی امداد کی مد میں ملنے والے 89 ارب روپے، اے آئی پی کے تحت قبائلی اضلاع کے لئے 36 ارب روپے، اے ڈی پی میں ہائی امپیکٹ اسکیموں کے لیے 75 ارب روپے رکھنے کی تجویز شامل ہے۔ صحت کارڈ میں جگر کی پیوند کاری اور او پی ڈی کو شامل کرنے سمیت کسان کارڈ اورغریبوں کے لئے راشن کارڈ دینے کی تجویز شامل ہے۔