لاہور: (دنیا نیوز) مارکیٹ میں چینی کی سرکاری نرخوں پر دستیابی خواب بن گئی، حکومت نوٹس لیتی ہے اور چینی مزید مہنگی ہو جاتی ہے، دکانوں پر چینی 95 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
شوگر ملز کی جانب سے چینی کی قیمت میں کمی خواب بن گئی، سرکاری نرخ 70 روپے کلو پر چینی کی فروخت کی حکومتی کاوش زبانی جمع خرچ تک محدود ہے۔ شوگر ملز سے چینی کی قیمت 88 روپے فی کلو تک جا پہنچی جس کے بعد لاہور کی تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت 90 روپے فی کلو اور پرچون میں چینی 92 روپے کلو دستیاب ہے۔ دکانوں پر چینی 95 روپے فی کلوتک بھی فروخت کی جا رہی ہے۔
رواں سال چینی کی فی کلو قیمت میں 25 روپے اضافہ ہو چکا ہے، عوام کہتے ہیں دکانوں پر چینی دستیاب نہیں اور اگر ہے تو قیمت بہت زیادہ ہے۔ دکاندار بھی اپنے موقف پر قائم ہیں اور کہتے ہیں کہ حکومت سستی چینی دے 70 روپے کلو فروخت کریں گے۔
ضلعی انتظامیہ 70 روپے کلو پر چینی کی فروخت کے لئے پکڑ دھکڑ اور جرمانے کر رہی ہے جس سے اکثر دکاندار چینی کی فروخت سے گریزاں ہیں۔