این اے 91: دوبارہ گنتی میں عامر سلطان چیمہ کو واضح برتری حاصل

Last Updated On 29 November,2018 04:32 pm

سرگودھا: (روزنامہ دنیا) گنتی کا عمل مکمل،20 پولنگ سٹیشنوں کے تھیلوں کی سیلیں تبدیل ،پانچ کے تھیلے غائب،آر او کی الیکشن کمیشن کو رپورٹ

سرگودھا کے حلقہ این اے 91 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہو گیا، پی ٹی آئی کے عامر سلطان چیمہ کے ایک لاکھ 7 ہزار 937 اور (ن) لیگ کے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی کے 1 لاکھ 6 ہزار 651 ووٹ ہیں ،اس طرح عامر سلطان چیمہ کو 1286 ووٹوں کی برتری حاصل ہے تاہم ریٹرننگ آفیسر نے اسے نا مکمل نتیجہ قرار دے کر رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی ہے ، ریٹرننگ آفیسر نے واضح کیا ہے کہ 20 پولنگ سٹیشنوں کے تھیلوں کی سیلیں تبدیل شدہ ہیں،پانچ پولنگ سٹیشنوں کے تھیلے ہی غائب ہیں، اس بابت الگ سے رپورٹ بھی الیکشن کمیشن کو بھجوائی جائے گی ، الیکشن کمیشن ریٹرننگ افسر کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرے گا۔
دریں اثنا (ن) لیگی ایم این اے ذوالفقار علی بھٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کو عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے ، ریٹرننگ آفیسر نے 20 پولنگ سٹیشنوں کے تھیلوں کی سیلیں تبدیل کرنے کا واضح طور پر لکھ دیا ہے ، وہ چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ تھیلوں کی سیلیں رد و بدل کرنے والے عملہ کے خلاف کارروائی کریں، وہ ہر سطح پر قانونی جنگ لڑیں گے ،پی ٹی آئی کے امیدوار عامر سلطان چیمہ کے قریبی عزیز فیصل جاوید گھمن نے کہا کہ دوبارہ گنتی میں عامر سلطان چیمہ کو 1286 ووٹوں کی برتری حاصل ہے ، پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہو جائے گا، یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر دوبارہ گنتی کے دوران ووٹوں کے بیگوں کے تھیلوں کی سیلوں کے تبدیل ہونے کے انکشاف پر ریٹرننگ آفیسر نے گنتی روک کر چیف الیکشن کمیشن کو اس معاملے کی انکوائری کروانے کی بابت لکھا تھا، الیکشن کمیشن نے ہدایت کی تھی کہ کیونکہ گنتی سپریم کورٹ کے حکم پر ہو رہی ہے اس لیے گنتی مکمل کر کے حتمی رپورٹ بھجوائی جائے ۔