اسلام آباد :(روزنامہ دنیا)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات میں خواتین کو جنرل نشستوں پر 5 فیصد ٹکٹ نہدینے کے خلاف نوٹس پر جواب جمع نہ کروانے والی 6 بڑی سیاسی جماعتوں کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔
جن جماعتوں کو نوٹس جاری کیا گیا ان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ،پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین ،پاکستان راہِ حق پارٹی، متحدہ مجلس عمل ،پاکستان تحریک انصاف (نظریاتی) اور تحریک لبیک اسلام شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے معاملے کی سماعت کی۔اس موقع پر راہ حق پارٹی ، پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے وکلاء اور متحدہ مجلس عمل کے وکیل کامران مرتضیٰ کے ایسوسی ایٹ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ تحریک لبیک اسلام کی طرف سے الیکشن کمیشن میں کوئی پیش نہ ہو سکا۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے فرحت اللہ بابر ،نیئر حسین بخاری جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آفس سیکر ٹری پیش ہوئے جس پر الیکشن کمیشن کے رکنِ پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا آپ کے وکیل کبھی پیش ہوں گے ؟ ہر بارخود آ جاتے ہیں اتنی بڑی جماعت ہے ، کوئی وکیل نہیں ہے ؟ آپ آئندہ مت آیا کریں، الیکشن کمیشن کو سیر گاہ بنایا ہوا ہے ۔