اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) سپریم کورٹ نے پی بی 47 کیچ سے سابق رکن بلوچستان اسمبلی عبد الرؤف کی نااہلی کے خلاف نظر ثانی درخواست خارج کردی۔ عدالت نے الیکشن ٹریبونل اور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا،جس کے بعد اب وہ ضمنی الیکشن بھی نہیں لڑسکتے۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بینچ نے نظر ثانی اپیل پر سماعت کی ، عبد الرؤف کے وکیل کامران مرتضیٰ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو اومان کی شہریت ترک کرنے کا سرٹیفیکیٹ پیش نہ کرنے پر نااہل کیا گیا، چیف جسٹس نے کہا کہ اومان کی رائل ڈگری جاری ہونے کے بعد شہریت ترک ہوسکتی ہے،وہ اومان کی شہریت کے بعد پاکستانی شہری بھی نہیں رہے تھے، شائد غیر ریاستی شہری تھے۔
واضح رہے کہ عام انتخاب کے موقع پر پی بی 47 کیچ سے بی اے پی کے عبد الرؤف رند 11942 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ انہوں نے بی این پی کے جمیل احمد داشتی کو شکست دی تھی۔ ناکامیاب امیدوار صرف 3122 ووٹ حاصل کرسکے۔