میں صرف پی ٹی آئی نہیں پوری قوم کا منتخب صدر ہوں، عارف علوی

Last Updated On 04 September,2018 08:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر عارف علوی نے ووٹنگ کے بعد تمام جماعتوں اور ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آج صرف تحریکِ انصاف کا نہیں ساری قوم کا صدر منتخب ہوا ہوں۔

صدارتی انتخاب کی ووٹنگ کے غیر سرکاری نتائج کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ ان 5 سالوں میں غریب کی زندگی بدلے، میری جیت کا تاج تحریکِ انصاف کے سر جاتا ہے، میری کامیابی میں پی ٹی آئی ورکرز کا بڑا کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں صدارتی انتخاب میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا بہت شکر گزار ہوں جبکہ وزیرِاعظم عمران خان کو بھی مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میری سیاسی جیدوجہد 1980ء سے چل رہی ہے، میں چاہتا ہوں کہ ملک میں ہر بیمار کا علاج ہو اور ہر ایک کو تعلیم ملنی چاہیے، اس ملک کو میری ضرورت جہاں پڑے گی میں حاضر ہوں۔

ووٹنگ سے قبل بھی نومنتخب صدر نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں واضح اکثریت سے کامیاب ہوں گا، تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے سارے ووٹ مجھے ہی ملیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ماہ کے دوران سب سے رابطے رہے، ووٹ لینے ہر جگہ گیا، جو آئین کہتا ہے وہی میری ترجیحات ہوں گی۔ میری کوشش ہو گی کہ لوگوں کے تن پر کپڑا اور سر پر چھت ہو، انصاف اور روزی ملے۔

 

Advertisement