اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ 105 فیصل آباد سے تحریک انصاف کے امیدوار رانا آصف توصیف اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو حلقہ این اے 158 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواستگزار کے وکیل لطیف کھوسہ نے موقف اپنایا کہ رانا آصف کی اہلیہ کے خلاف بینکنگ کورٹ کا فیصلہ معطل ہوچکا ہے۔ عدالت نے اپیل باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے رانا آصف توصیف کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی اور قرار دیا کہ رانا آصف توصیف کی کامیابی کی صورت میں نوٹیفکیشن عدالتی فیصلے سے مشروط ہوگا۔
ادھر سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواستگزار کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ یوسف رضا گیلانی کے خلاف حلقہ این اے 158 سے مخالف امیدوار نثار احمد نے دائر کی تھی۔