نوازشریف اور مریم نواز کی قمرالاسلام کے حلقہ میں انتخابی مہم چلانے کی یقین دہانی

Last Updated On 30 June,2018 10:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این اے 59 سے نون لیگ کے چودھری نثار کے مدمقابل امیدوار قمرالاسلام کے صاحبزادے راجا سالار کا کہنا ہے مریم نواز اور نواز شریف نے بھرپور یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ہمارے حلقے میں الیکشن مہم چلائیں گے اور جلسے بھی کریں گے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے راجہ سالار نے کہا ہے قافلے میں شامل ہونیوالے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پریس کانفرنس میں راجا سالار کے ساتھ حلقے کے دیگر امیدوار بھی موجود تھے۔

یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے صاف پانی کمپنی سکینڈل میں بڑی گرفتاریاں کرتے ہوئے سابق سی ای و وسیم اجمل اور انجینئر قمر اسلام راجہ کو گرفتار کیا تھا۔ ملزم انجینئر قمر اسلام راجہ پر 84 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر مہنگے داموں دینے کا الزام ہے۔ واٹر پلانٹس چار تحصیلوں میں لگائے جانے تھے لیکن ملزم انجینئر قمر السلام راجہ نے بدنیتی کے ذریعے بڈنگ کے کاغذات میں مالی تخمینہ بڑھا کر ظاہر کیا۔

نیب کے مطابق ملزم کی جانب سے کے ایس بی پمپس نامی کمپنی کو مہنگے داموں ٹھیکہ دیا گیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر 102 واٹر فلٹریشن پلانٹس کا ٹھیکہ کے ایس بی پمپس کو مہنگے داموں دیا۔ ملزم نے 102 واٹر پلانٹس کا ٹھیکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظور کروایا۔

قمر السلام راجہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 سے سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان کے مقابلے میں امیدوار ہیں۔