اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز، کپتان جیت کیلئے پرعزم، خواتین کی مخصوص نشستوں کو بڑا عذاب قرار دے دیا، مخالف کو کمزور نہ سمجھیں، عمران خان کا ورکرز کنونشن سے خطاب، ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں۔ 23 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کردیا۔
عمران خان کا اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب، 21 سال کھیلوں کے گراؤنڈ میں مقابلہ کرنا سیکھا، مقابلے کا پہلا اصول، مخالف کو کبھی کمزور نہ سمجھو، ہماری تیاری ہے، ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں۔ ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 4 ہزار لوگوں نے ٹکٹ کے لیے اپلائی کیا، کسی کو بھی ٹکٹ دیتے تو لوگوں نے مایوس ہونا تھا۔ کارکنوں کے احتجاج پر مجھے بھی تکلیف ہوئی، کئی اچھے امیدوار تھے۔ میچ میں بھی گیارہ کھلاڑیوں کو سلیکٹ کرتے ہوئے دوسروں سے زیادتی ہوتی ہے۔
عمران خان نے خواتین کی مخصوص نشستوں کو بہت بڑا عذاب قرار دیا اور کہا کہ دھرنے میں خواتین نے بہت کام کیا۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر فیصلہ مشکل کام تھا۔ الیکشن جیت کر پارٹی میں بھی الیکشن کروائیں گے۔ جو خواتین الیکشن جیت کر اوپر آئیں گی انہیں مخصوص نشستیں دی جائیں گی۔ ہم نے ان خواتین کو ٹکٹ دیے جو ایوان میں جا کر قانون سازی کر سکیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ نوازشریف کی جگہ کوئی کمزور شخص ہوتا تواس وقت اڈیالہ جیل ہوتا۔ باپ، بیٹی رو رہے ہیں جیسے بہت بڑا ظلم ہوا ہے۔ شریف خاندان کے ایک فرد کے لیے پاکستان میں ہسپتال ٹھیک نہیں، پہلے سمدہی بستر پر ایسے پڑا تھا جیسے اللہ کے پاس جانے لگا تھا۔ اسحاق ڈار کی بستر پر شکل دیکھ کرلگا جیسے تھوڑے دنوں کا مہمان ہے۔ مجھے اسحاق ڈار کی شکل دیکھ کر بڑا ترس آیا تھا۔ شہبازشریف کے داماد کا نیب میں کیس آیا تو وہ بھی بھاگ گیا۔زرداری بھی جہاز پکڑ کر دبئی بھاگ جاتا ہے۔ میرے خلاف 32 ایف آئی آر درج کروائی گئیں، میرے ساتھ ایسا ہوا توعام آدمی کیساتھ کیا سلوک ہوگا۔
کھلاڑیوں سے خطاب میں ملکی مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ پاکستان کے دارالحکومت میں پانی نہیں ہے، جس کے پاس پیسہ اس کے پاس پانی ہے۔ یونیسف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دو لاکھ بچے گندا پانی پینے کیوجہ سے مرتے ہیں۔ دس سال پہلے 6 ہزار ارب قرض تھا، اب قرضہ 6 ہزار سے بڑھ کر27 ہزار ارب تک پہنچ چکا ہے۔ پاکستان کی ایکسپورٹ کم ہوچکی ہے۔ کرپشن کیوجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی، روپے کی قیمت گر رہی ہے۔ روپے کے گرنے کی تکلیف انہیں نہیں کیونکہ ان کے اثاثے باہر ہیں۔ شہبازشریف نے 10 سالوں میں 6 ہزار ارب روپیہ خرچ کیا، شہبازشریف بتائیں، کتنے ہسپتال، کتنی عالمی معیار کی یونیورسٹیاں بنائیں، کتنے لوگوں کوصاف پانی دیا؟ صاف پانی کمپنیوں میں کرپشن سامنے آئی، اب تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، ڈیڑھ لاکھ پرائیویٹ سکولوں کے بچے خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں واپس گئے۔ خیبرپختونخوا میں غریب خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کیے گئے۔ اسی ملک سے 8 ہزار ارب روپے اکٹھا کرکے دکھاؤں گا۔ جب خیبرپختونخوا میں درخت لگائے تومذاق اڑایا گیا۔ ہم نے آنے والی نسلوں کے لیے درخت لگائے، درخت نہ ہونے کیوجہ سے گرمی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اللہ 25 جولائی کو ہمیں موقع دیں اسی سال پورے ملک میں درخت لگانا شروع کر دیں گے۔
عمران خان نے 23 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کرنے کا اعلان بھی کیا انہوں نے کارکنان سے کہا کہ 25 جولائی کے لیے سب تیار ہو جائیں۔