اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مسلم لیگ ن کے باغی سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور میو سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
عمران خان کا کہنا تھا آپ کی پریس کانفرنس سنی، آپ بہادر آدمی ہو، پہلے سے جانتا ہوں، آپ محب وطن پاکستانی ہو۔ چوہدری عبدالغفور میو نے عمران خان کے فون کی تصدیق کرتے ہوئے کہا عمران خان کا فون آیا ہے، انہوں نے اگلے ہفتے گھر آنے کا کہا ہے۔
یاد رہے چودھری عبدالغفور میو نے پریس کانفرنس کے ذریعے پاکستان مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ن لیگ کا بیانیہ وفاقِ پاکستان کے منافی ہے، موجودہ مسلم لیگ کو قائدِاعظم کی مسلم لیگ قرار نہیں دیا جا سکتا، ادراوں کو ٹارگٹ کرنے کا عمل پاکستان کو شام اور عراق بنا دے گا، میں نے عام انتخابات 2018ء کیلئے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ کے لئے اپلائی بھی نہیں کیا۔ چودھری عبدالغفور دو دفعہ ممبر صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) بھی رہ چکے ہیں۔