اسلام آباد (دنیا نیوز) بنی گالا میں تحریک انصاف کارکنان کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دس فیصد حلقوں میں انہیں فیصلے کرنے میں مشکل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ہیں کہ کسی سے نا انصافی نہ ہوجائے۔
عمران خان نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ اگر ٹکٹ کی تقسیم میں کوئی ناانصافی ہوئی تو احتجاج ان کا حق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے زندگی میں اتنے مشکل تین ہفتے کبھی نہیں گزارے، ساڑھے چار ہزار لوگوں نے ٹکٹ کیلئے درخواستیں دیں تھیں۔
ٹکٹس کی تقسیم کے حوالے سے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے چئیرمین تحریک انصاف نے بتایا کہ ٹکٹ ان لوگوں کو دیے جارہے ہیں جو الیکشن لڑنا جانتے ہیں، پی ٹی آئی یہ الیکشن جیتنے کیلئے لڑ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے ٹکٹوں کی تقسیم پر خواتین کھلاڑیوں کی ہنگامہ آرائی
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ان کے کسی دوست یا رشتہ دار کو ٹکٹ نہیں ملا جبکہ سب سے مشکل کام خواتین کو ٹکٹ دینا ہے۔
نون لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ زعیم قادری نے خود اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ حمزہ شہباز ٹکٹ کیلئے دس دس کروڑ روپے وصول کر رہے ہیں۔