اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن ٹربیونلز میں انتخابی عذرداریاں دائر کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اپیلیں دائر کرنے کا آج آخری دن ہے، این اے 53 اسلام آباد سے عمران خان کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف آج پھر سماعت ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل نے گزشتہ روز ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام ریکارڈ طلب کیا تھا۔ سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کاغذات کمزور بنیاد پرمسترد کر دیئے گئے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ ریٹرننگ افسر (آر او) نے عمران خان کو کیوں نااہل قرار دیا ؟ جس پر بابر اعوان نے جواب دیا کہ کاغذات نامزدگی میں درخواست گزار نے حقائق چھپائے نا غلط بیانی کی، عمران خان کے خلاف آر او کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے۔
دریں اثناء جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکر ٹری عبدالوہاب بلوچ نے عمران خان کے کراچی کے حلقہ این اے 243 سے کاغذات کی منظوری کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کر دیا۔
دوسری جانب این اے 53 اسلام آباد سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سردار مہتاب عباسی اور عائشہ گلا لئی نے آراو کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی، آر او کا فیصلہ اسلام آباد ایپلیٹ ٹریبونل میں چیلنج کیا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔