اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے طلال چودھری توہین عدالت کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ جسٹس گلزار احمد نے طلال چودھری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپکی مشکل سے واسطہ نہیں، الیکشن لڑنا آپ کا کام ہے۔
سپریم کورٹ میں طلال چودھری توہین عدالت کیس کی سماعت، طلال چودھری کی عام انتخابات تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد، جج صاحبان خصوصی طور پر کیس کے لیے کراچی سے آئے ہیں، یہاں تقریر نہ کریں، کیس ملتوی کرنا ممکن نہیں۔ جسٹس گلزار احمد نے برہم ہوکر لیگی رہنماء کو 21 جون تک گواہان اور شواہد پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
طلال چودھری کے وکیل کامران مرتضیٰ کی جگہ جونئیر وکیل نے عدالت میں پیش ہو کر استدعا کی کہ کامران مرتضیٰ کی طبعیت ناساز ہے، سماعت ملتوی کر دیں۔ جسٹس گلزار نے طلال چودھری سے استفسار کیا، بتائیں کیا کیس خود لڑیں گے؟ طلال چودھری نے کہا کہ پہلے ہی بہت مشکل سے وکیل ملا ہے، الیکشن مہم میں مصروف ہوں، کیس الیکشن کے بعد تک ملتوی کر دیں۔
جسٹس گلزار نے کہا کہ ہمیں آپکی مشکل سے واسطہ نہیں، الیکشن لڑنا آپ کا کام ہے۔ 21 جون تک وکیل پیش کریں یا متبادل وکیل کا انتظام کریں۔ عدالت نے جی ایم آپریشن پیمرا کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔