لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے خواجہ سراؤں کے لئے 15 یوم میں شناختی کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے کمیٹی قائم کر دی، عدالت نے کمیٹی سے فوری طور پر سفارشات طلب کرلی۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈ سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈ ون ونڈو طریقے سے بننے چاہیں، تمام صورتحال کو خود مانیٹر کروں گا، خواجہ سراؤں سے بدتمیزی اور چھیڑ چھاڑ برداشت نہیں کی جاسکتی، ایسا نظام بنائیں گے جس سے خواجہ سراؤں کو حق دہلیز پر ملے۔
چیف جسٹس نے کہا جن خواجہ سراؤں کے پاس شناختی کارڈ موجود ہیں انہیں ووٹ کا حق ملنا چاہیے، خواجہ سرا معاشرے کا اہم حصہ ہیں، ریاست کام کرتی ہے یا نہیں لیکن عدلیہ جو کر سکی اس پر عمل کروائیں گے۔