اسرائیلی بربریت جاری، غزہ کے ساتھ لبنان پر بھی دوبارہ حملے شروع

Published On 22 March,2025 07:25 pm

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز نے غزہ کے ساتھ لبنان میں بھی سفاکانہ حملے دوبارہ شروع کر دیئے،48 گھنٹے کے دوران 130 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی افواج نے جنوبی لبنان کے علاقے یوہمور پر درجنوں فضائی حملے کر دیئے، نیتن یاہو نے جنوبی لبنان میں کارروائی کی اجازت دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فضائی حملوں سے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کو خطرہ لاحق ہے، جنگ بندی معاہدے کے باوجوداسرائیلی فوج کے غزہ پر 5 روز سے وحشیانہ حملے جاری ہیں۔

محکمہ صحت غزہ کے مطابق صیہونی حملوں میں 263 فلسطینی زخمی ہوئے، غزہ 5 روز میں جاری اسرائیلی بمباری سے شہداء کی تعداد 634 ہو گئی۔

7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں 49 ہزار 747 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اسرائیلی حملوں سے 1 لاکھ 13 ہزار 213 فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔