لاہور: (اسماء رفیع) سال 2024 اپنے اختتام پر ہے، اس سال کو اگر خونریزی، قحط اور تباہی کا سال کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، رواں برس کے دوران بہت سے واقعات دنیا کی توجہ کا مرکز اور شہ سرخیوں کی زینت بنے رہے۔
اُفقِ عالم پر ظہور پذیر ہونے والے ان اہم واقعات کا ایک جائزہ درج ذیل ہے:
مشرق وسطیٰ میں تنازعات
حماس اسرائیل جنگ
رواں برس مشرق وسطیٰ کو بارود نے اپنی لپیٹ میں لئے رکھا، 7 اکتوبر 2023 سے حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ کا نہ رکنے والا سلسلہ آج بھی پوری شدت سے جاری ہے، فلسطین میں مسلمانوں کے قتل عام نے دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا لیکن یہ معاملہ ابھی تک کسی حل تک نہیں پہنچ سکا۔
جنگ کے سات ہفتوں بعد دونوں فریق ایک ہفتے کی عارضی فائر بندی پر متفق ہوئے جس کے دوران حماس نے 105 اور اسرائیل نے 240 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا، حماس کے دوبارہ منظم ہونے کے خوف سے اسرائیل نے پھر اپنی جارحیت شروع کی، امریکہ نے اس دوران جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والی اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ویٹو کرنا جاری رکھا اور عالمی سفارتی کوششیں تاحال بھی جاری ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی سربراہی میں حماس کو ’تباہ‘ کرنے کا عزم لئے صیہونی فورسز اب تک 44 ہزار سے زیادہ بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام کر چکی ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد زخمی اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں، شہیدوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
غزہ کی پٹی پر بھوک، افلاس اور قحط نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ شمالی حصے میں عمارتیں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں۔
روس یوکرین جنگ کو 3 سال مکمل
یوکرین میں جاری خونی جنگ کو تین سال گزر چکے ہیں، دونوں طرف سے ہلاکتوں کی تعداد بارے مغربی اندازوں میں عام طور پر یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ روس کے مقابلے میں یوکرین میں ہلاکتیں بہت کم ہوئی ہیں۔
نیویارک ٹائمز نے حال ہی میں رپورٹ کیا تھا کہ اب تک 57,000 یوکرینی فوجی مارے جا چکے ہیں، تاہم مغربی ممالک کے اندازوں کے مطابق یہ تعداد روسی ہلاکتوں کا تقریباً نصف ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی ستمبر 2024 رپورٹ کے مطابق اس جنگ میں روس کے 70 ہزار فوجی یوکرین میں مارے جا چکے ہیں ان میں پہلی بار رضاکارانہ طور پر شامل ہونے والے شہری بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کی ہیومن مانیٹرنگ مشن کے مطابق اگست 2024 تک اس جنگ میں 31 ہزار یوکرینی فوجی ہلاک ہوچکے جبکہ 24 ہزار سے زائد زخمی ہوئے، جنگ میں درجنوں شہر ملبے میں تبدیل ہوئے اور لاکھوں افراد بھوک اور بے گھر ہوگئے۔
اس جنگ میں 60 لاکھ سے زیادہ یوکرینی شہری ملک چھوڑ چکے ہیں لیکن اس کے باوجود اگلے محاذ پر گزشتہ ایک سال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
حال ہی میں یوکرین کے ایک وسطی شہر پر روس کے نئے میزائل کے حملے سے 33 ماہ سے جاری جنگ کی شدت اور بڑھ گئی ہے جبکہ یوکرین کی جانب سے امریکا کے فراہم کردہ جدید میزائل حملوں نے معاملے کو مزید بڑھا دیا ہے۔
نومبر میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے روس کے ساتھ جنگ کو اگلے سال سفارتکاری کے ذریعے ختم کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا تھا۔
اقوام متحدہ نے اس جنگ کے شعلے پوری دنیا میں پھیلنے کا انتباہ جاری کیا لیکن وہ نتیجہ خیز حل تلاش کرنے میں ناکام رہا، ایک جانب امریکا کا مطالبہ ہے کہ روس پہلے اپنے عسکری دستے یوکرین سے نکالے اس کے بعد ہی سنجیدہ مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی لیکن روس یہ بات ماننے کو بالکل تیار نہیں، جنگ کو تیسرا سال ہے لیکن جنگ بندی کے کوئی راستے نظر نہیں آتے۔
شام اور یمن میں حملے
غزہ اور لبنان کے بعد اسرائیل کی جانب سے شام پر بھی حملے کئے گئے، 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک ان حملوں میں سینکڑوں شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں، علاوہ ازیں ماہ نومبر میں باغیوں کے ایک گروپ اور شامی حکومت کے درمیان شدید لڑائی میں اب تک 300 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں ، یہی نہیں باغی فورسز نے ملک کے دوسرے بڑے شہر حلب کے ’اکثریتی‘ علاقے پر قبضہ کرلیا ہے۔
رواں برس یمن میں حوثی باغیوں کے بحیرہ عمان اور خلیج عدن پر امریکی جنگی سپلائی جہازوں پر حملے بھی جاری ہیں۔
کینیڈا اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ پولیس کے پاس ایسے ’واضح اور پختہ ثبوت‘ ہیں کہ بھارتی اہلکار سکھ علیحدگی پسندوں کے قتل سمیت دیگر جرائم میں ملوث رہے ہیں۔
بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی تعلقات رواں برس مزید نچلی ترین سطح پر اس وقت پہنچے جب گزشتہ برس وینکوور میں ایک کینیڈین سکھ کارکن کے قتل کے تعلق سے تنازعے نے مزید کشیدگی میں اضافہ کیا اور رد عمل کے طور پر دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے چھ سفارت کاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم صادر کیا۔
اکتوبر 2023 میں بھارت اور کینیڈا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے مغربی کینیڈا میں ایک سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا۔
بھارتی نژاد کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کو رواں سال جون میں کینیڈا کے شہر وینکوور میں قتل کر دیا گیا تھا۔
دونوں ممالک کی طرف سے الزامات کی بوچھاڑ شروع ہوئی، سفارتی تعلقات معطل ہوئے اور سفارت کار ملک بدر کر دیئے گئے، ابھی اس معاملے پر بات جاری تھی کہ 23 نومبر 2023 کو امریکا نے بھارت کے خلاف ایک ایسا ہی پنڈورا باکس کھول دیا۔
برطانوی اخبار نے سکھ علیحدگی پسند رہنما گرو پتونت سنگھ پنوں کو امریکا میں قتل کرنے کی ایک سازش کو امریکا نے ناکام بنا دیا، اس معاملے میں مبینہ طور پر بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے امکان کے پیش نظر امریکا نے بھارت کو وارننگ جاری کی۔
کینیڈا کے الزامات کے بعد نئی دہلی نے اپنے رد عمل میں ان دعوؤں کو ’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا۔
موسمیاتی تبدیلیاں اور کوپ29
اس سال بھی موسمیاتی تبدیلیوں کا معاملہ زیر بحث رہا، شدید گرمی، سیلاب، غیر متوقع بارشیں اور سمندری طوفان نے پوری دنیا کو خطرے سے دوچار کئے رکھا، جاپان ، تھائی لینڈ، امریکا سمیت بیشتر ممالک میں سمندری طوفان ہزاروں زندگیاں نگل گئے۔
اسی طرح 2020 اور 2024 کے وسط تک گرمی سے متعلقہ خطرات موسم سے منسلک اموات کی بڑی وجہ بن گئے ہیں، جو کہ عالمی سطح پر رپورٹ شدہ موسمی، ماحولیاتی اور آبی اموات کا 57 فیصد بنتے ہیں۔
2024 تاریخ کا گرم ترین سال ثابت ، یہ پہلا سال ہے جب عالمی درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، اپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2024 گزشتہ اکتوبر کے بعد دوسرا گرم ترین اکتوبر ریکارڈ کیا گیا۔
رواں برس نومبر میں ہونیوالے ’کاپ 29‘ میں امیر ممالک نے ترقی پذیر دنیا کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد دینے کیلئے سالانہ 300 ارب ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
سال 2024 میں ہونے والے ناگہانی حادثات /اموات
رواں برس فضائی حادثات کے حوالے سے بدترین رہا، سال کے آغاز میں جاپان ایئر لائنز کی پرواز 516 ٹوائیکو میں اترتے ہی ڈی ہیولینڈ کوسٹ گارڈ کے طیارے سے ٹکرا گئی، جس میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔
جنوری میں ایران میں سابق جنرل قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کی تقریب میں دو دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 103 افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں لوگ زخمی ہوئے تھے۔
اپریل 2024 میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے پورے عالم اسلام کو سوگوار کر دیا، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اپنے وزراء سمیت آذربائیجان کے نزدیک ایرانی سرحد پر ہیلی کاپٹر کریش ہونے کے بعد جان سے گئے۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو ملک کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے متوقع جانشینوں میں بھی شمار کیا جاتا تھا، 63 سالہ ابراہیم ریئسیی 2021 میں ایران کے صدر منتخب ہوئے تھے۔
ستمبر 2024، برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو میں طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں کریو سمیت سوار تمام 62 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
حماس اور حزب اللہ کے اہم کمانڈرز کی شہادت
30 جولائی کو بیروت میں ایک اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے اعلیٰ فوجی کمانڈر اور اسرائیل کے اعلیٰ ترین اہداف میں سے ایک فواد شکر شہید ہوگئے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق فواد شکر حاج محسن اور محسن شُکر کے نام سے بھی مشہور تھے، ان کے سر کی قیمت امریکا نے 50 لاکھ ڈالر مقرر کی تھی۔
31 جولائی کو حماس سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران میں شہید کر دیئے گئے، اسماعیل ہنیہ کو تہران میں ان کی رہائش گاہ پر بدھ کی صبح نشانہ بنایا گیا، حملے میں اسماعیل ہنیہ کا سکیورٹی گارڈ بھی شہید ہوا۔
20 ستمبر کو ہونے والے ایک اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان فورس کے سربراہ ابراہیم عقیل اور دیگر 15 کمانڈر ہلاک ہوگئے تھے، لبنانی حکام کے مطابق اس حملے میں کل 55 افراد مارے گئے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔
اسرائیل نے 27 ستمبر کو ایک حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو ایک فضائی حملے میں شہید کر دیا، اس سے ایک روز قبل ہی اسرائیل نے حزب اللہ کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے جنوبی لبنان میں اپنے حملوں کا آغاز کیا تھا۔
17 اکتوبر کو اسرائیل نے غزہ میں حماس کے نومنتخب سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کی، یحییٰ سنوار کی موت فلسطینی گروپ کیلئے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوئی جس سے وہ سات اکتوبر 2023 کے حملے سے لڑ رہا ہے۔
سال 2024 دنیا بھر میں انتخابات کا سال
سال 2024 کو دنیا بھر میں انتخابات کا سال بھی قرار دیا جاتا ہے، امریکا سے لے کر یورپ اور ایشیا تک تقریباً 30 سے زائد ممالک میں عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنے حکمران کا انتخاب کیا۔
سب سے پہلے بنگلہ دیش میں انتخابات کا انعقاد ہوا جبکہ دنیا بھر میں شروع ہونے والے انتخابی سلسلے کا اختتام 5 نومبر کو سب سے زیادہ نتیجہ خیز انتخابات کے ساتھ ہوا جہاں امریکی عوام نے ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس دوبارہ بھیج دیا۔
روسی صدر ولادیمیر نے یوکرین میں جنگ کے دو سال بعد اپنے عہدے پر فائز رہتے ہوئے مارچ کے انتخابات میں اپنی 24 سالہ حکمرانی کو مزید چھ سال تک بڑھا دیا۔
رواں برس جنوبی ایشیا کے دو اہم ملک پاکستان اور بھارت میں بھی قومی انتخابات کا انعقاد ہوا، پاکستان میں شہبازشریف اور ہمسایہ ملک بھارت میں مودی ایک بار پھر وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 47 ویں صدر منتخب
رواں سال دنیا کے طاقتور ترین صدر کا بھی انتخاب ہوا، ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 47 ویں صدر منتخب ہوئے، انہوں نے کملا ہیرس کو شکست دے کر وائٹ ہاؤس میں جنوری سے شروع ہونے والی نئی 4 سالہ ٹرم حاصل کر لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کے انتخاب کیلئے تمام 50 ریاستوں میں ہونے والی پولنگ کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی معرکہ جیتا، امریکی صدارتی انتخاب میں 538 الیکٹورل ووٹوں میں سے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 277 اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکن 209 اور ڈیموکریٹس 193 نشستوں پر کامیاب ہوگئی، امریکی سینیٹ میں بھی ری پبلکنز کو اکثریت حاصل ہوگئی، سینیٹ میں ری پبلکن نے 52 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کی جبکہ ڈیموکریٹس نے ایوان بالا کی 45 نشستیں جیتیں۔
کسی بھی امیدوار کو امریکی صدر بننے کیلئے 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں، 7 سوئنگ ریاستوں کے 93 الیکٹورل ووٹس نے ٹرمپ کی جیت میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، سوئنگ ریاستوں میں ایری زونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، نارتھ کیرولائنا، پینسلوینیا اور وسکونسن شامل ہیں۔
امریکا کو دوبارہ عظیم بنائینگے، کوئی نئی جنگ شروع نہیں کروں گا: ٹرمپ کی وکٹری سپیچ
صدارتی انتخابات میں کامیابی پر وکٹری سپیچ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی جنگیں شروع کرنے کے بجائے جاری جنگیں ختم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے تاریخ رقم کی ہے، امریکا نئی بلندیوں پر پہنچے گا اور ملک کے تمام معاملات اب ٹھیک کریں گے، ایسی کامیابی امریکی عوام نے پہلے کبھی نہیں دیکھی، ایسی سیاسی جیت اس سے پہلے کبھی بھی نہیں دیکھی گئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بناؤں گا، امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے، امریکا میں سنہری دور کا آغاز ہونے والا ہے۔
عالمی عدالت انصاف کا اسرائیل کیخلاف نسل کشی کا مقدمہ چلانے کا اعلان
عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کا کیس نہ سننے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف نسل کشی کا مقدمہ چلانے کا اعلان کر دیا تاہم جنگ بندی کا حکم دینے میں ناکام رہی۔
یاد رہے کہ عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کیا تھا جس کے بعد عالمی عدالت میں کارروائی جاری تھی، 11 اور 12 جنوری کو ہونے والی سماعت میں جنوبی افریقہ اور اسرائیل نے دلائل پیش کیے تھے۔
جنوبی افریقہ نے سماعت کے دوران اسرائیل کے خلاف عارضی اقدامات کی استدعا کی تھی۔
نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری
عالمی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 21 نومبر 2024 کو عالمی فوجداری عدالت نے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔
خیال رہے کہ عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر نے رواں سال مئی میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور دیگر کے جنگی جرائم کےارتکاب کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کیلئے درخواست دی تھی۔
اقوام متحدہ فیوچر سمٹ 2024
22 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں دو روزہ اقوام متحدہ کی فیوچر سمٹ کا آغاز ہوا، سمٹ میں کثیرالجہتی فریم ورک کو مزید ترقی دینے اور مستقبل کی ترقی کے مطابق ڈھالنے کیلئے سمٹ کے نتائج کی دستاویز ’’فیوچر کمپیکٹ‘‘ اور اس کے مندرجات کو اپنایا گیا۔
79 ویں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فلیمون ینگ نے اسی دن سمٹ میں اپنی افتتاحی تقریر میں کہا کہ ’’فیوچر کمپیکٹ‘‘ نہ صرف موجودہ بحران کا جواب دیتا ہے بلکہ ایک پائیدار، منصفانہ اور پرامن عالمی نظم و نسق کی بنیاد بھی رکھتا ہے۔
ایک صدی بعد پیرس اولمپکس2024 کا انعقاد
1924 کے بعد پہلی بار پیرس میں اولمپکس کا میلہ سجا، یوں تقریباً ایک صدی بعد پیرس نے 2024 اولمپکس کی میزبانی کی، اس سے قبل 1900 اور 1924 میں اس نے اولمپکس کی میزبانی کی تھی۔
فرانس میں جولائی سے شروع ہونے والا یہ ایونٹ 11 اگست تک جاری رہا، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ان عالمی کھیلوں کا باضابطہ افتتاح کیا اور اولمپک مشعل بھی روشن کی گئی، اس ایونٹ کی 80 لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت ہوئی۔
پیرس اولمپکس میں امریکا سرفہرست جبکہ چین نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
امریکا نے 40 گولڈ میڈلز کے ساتھ پیرس اولمپکس میں پہلی پوزیشن حاصل کی، 44 سلور اور 42 برونز میڈلز بھی جیتے، امریکا نے ایونٹ میں مجموعی طور پر 126 میڈلز اپنے نام کئے۔
چین کے گولڈ میڈلز کی تعداد بھی 40 رہی، چین مجموعی طور پر 91 میڈلز جیتے، جاپان 20 گولڈ، 12 سلور اور 13 برونز میڈل جیت کر تیسرے نمبر پر رہا۔
پاکستان نے 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا، ارشد ندیم اولمپکس میں انفرادی کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتنے والے واحد پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔
یورو کپ فٹبال 2024 کا تاج سپین کے سر سجا
یورو کپ 2024ء کے فائنل میں سپین نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
یورو فٹبال کپ 2024ء کا فائنل جرمنی کے شہر برلن میں سپین اور انگلینڈ کے درمیان ہوا، دونوں ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کے اہم میچ میں دلچسپ مقابلہ دیکھنے کوملا۔
آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی ) نے دنیا کو حیران کر دیا
یہ سال بھی گزشتہ برس کی طرح ٹیکنالوجی کے میدان میں بہت سے انقلاب لے کر آیا، دنیا بھر میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) یا مصنوعی ذہانت نے تہلکہ مچا دیا اور اب یہ بہت تیزی سے ہماری زندگی کا حصہ بنتی جا رہی ہے، اے آئی ٹولز کی مدد سے ہم بہت سے مشکل اور طویل کام جلد اور بآسانی کر سکتے ہیں۔
ہمارے تمام سمارٹ فونز پر سٹریمنگ سروسز کے ذریعے وہ تمام مواد اب فوری دستیاب ہے جس کی ہم خواہش کر سکتے ہیں۔
مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے اے آئی چیٹ بوٹس کی مقبولیت بڑھتی جا رہی ہے، اسی طرح چیٹ جی پی ٹی کی طرح کے کئی اور ٹولز پہلے سے ہی مارکیٹ میں آ چکے ہیں جو ہماری زندگی، ہمارے کام کرنے کے طریقے بدل سکتے ہیں۔
2023 میں یہ تخلیق ہمارے سامنے آئی اور رواں سال اس کی عملدرآمد کا رہا، بنیادیں پہلے ہی رکھی جا چکی ہیں اب صرف جاری مختلف اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
جنوبی کوریا میں مارشل لاء
جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے 3 دسمبر کو مارشل لاء لگانے کا اعلان کیا، ملک بھر میں شدید عوامی رد عمل اور پارلیمنٹ کے مطالبے پر صدر نے چند ہی گھنٹوں بعد مارشل لاء ہٹانے کا اعلان کر دیا۔
بعدازاں اپوزیشن جماعتوں نے صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔