ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کے مشہور صنعت کار رتن ٹاٹا 86 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رتن ٹاٹا کو چند روز پہلے بلڈ پریشر میں کمی کی شکایت پر ہسپتال لایا گیا تھا جہاں وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں تھے مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
واضح رہے کہ تین روز پہلے بھی رتن ٹاٹا کے انتقال کی خبر منظر عام پر آئی تھی تاہم انکے سوشل میڈیا سے اسکی تردید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وہ بالکل فٹ اور صحت مند ہیں۔
رتن ٹاٹا کے انتقال پر بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی سمیت سیاست، صنعت اور فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اظہار افسوس کیا ہے۔
رتن ٹاٹا نے مارچ 1991ء سے دسمبر 2012ء تک ٹاٹا گروپ کی قیادت کی اور ٹاٹا سنز کو نئی بلندیوں تک پہنچایا، مارچ 2024ؤ تک ٹاٹا گروپ کی مالیت 365 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔
ٹاٹا گروپ کی ویب سائٹ کے مطابق رواں سال میں ٹاٹا گروپ کی کمپنیوں نے ملکر 165 ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کی، ٹاٹا گروپ کی 30 کمپنیوں میں مجموعی طور پر 10 لاکھ سے زیادہ افراد ملازمت کرتے ہیں۔
ٹاٹا گروپ کی مشہور کمپنیوں میں ٹاٹا سٹیل، ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز، ٹاٹا موٹرز، انڈین ہوٹلز، ایئر انڈیا، جیگوار لینڈ روور، ٹائٹن، انفینیٹی ریٹیل (کروما)، ٹرینٹ (ویسٹ سائیڈ، زوڈیو، زارا) شامل ہیں۔