ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملہ قوانین کی خلاف ورزی ہے: سعودیہ

Published On 02 April,2024 07:56 am

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب زن شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں اور حملہ عالمی سفارتی قوانین اور استثنیٰ کی کھلی خلاف ورزی ہے، ایرانی سفارتخانے کو نشانہ بنانے پر تشویش ہے، سفارتی عملے یا تنصیبات کو نشانہ بنانے کیلئے کسی بہانے کو جواز نہیں بنایا جا سکتا۔

قبل ازیں پاکستان نے بھی شام میں موجود ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملہ شام کی خود مختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے، حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے بھی خلاف ہے، متاثرین کے اہل خانہ، ایرانی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد سفارتکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، حملے میں ایرانی قونصل خانے اور قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، مرنے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے القدس بریگیڈز کے سینئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل ہیں۔