الشفا ہسپتال پر اسرائیلی حملے کو جائز قرار دینے پر عالمی ادارہ صحت کی مذمت

Published On 16 November,2023 03:23 am

نیویارک: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ کے الشفا ہسپتال پر حملے کو جائز قرار دینے کے بیان کی عالمی ادارہ صحت نے شدید مذمت کی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے اسرائیل کے الشفا ہسپتال پر حملے کو ناقابل قبول قرار دیا اور اسرائیلی فوج کے ہسپتال میں داخل ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے الشفا ہسپتال میں پانی، آکسیجن اور بجلی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی فوج کا الشفا ہسپتال پرحملہ، حماس سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے الشفا ہسپتال پر دھاوا بول کر 200 عام فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا، ہسپتال کے ایمرجنسی اور سرجیکل وارڈز کی بھی تلاشی لی گئی، ڈاکٹروں نے مریضوں کو چھوڑ کر ہسپتال سے نکلنے سے انکار کیا جبکہ نومولود بچوں کو دوسرے وارڈز میں منتقل کرنا پڑا۔

اسرائیلی ریڈیو کے مطابق مریض، طبی عملہ، بے گھر افراد ہسپتال میں محصور ہو گئے، ہسپتال سے کوئی یرغمالی نہیں ملا، اسرائیلی فوج نے ہسپتال سے اسلحہ ملنے کا دعویٰ کیا تاہم ڈاکٹروں اور حماس نے اسرائیلی دعویٰ جھوٹا قرار دے دیا ہے۔