سعودی عرب: مزدوروں کے دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد

Published On 15 June,2023 07:41 pm

الریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں شروع ہونے والے شدید گرمی کے موسم میں مزدوروں پر دن کے وقت دھوپ میں کام کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر شیئر کیے گئے فیصلے کے مطابق 15 جون سے اور 15 ستمبر تک کارکنوں پر دوپہر ساڑھے 12 سے لے کر سہ پہر 3 بجے تک کام کرنے پر پابندی ہے۔

یہ فیصلہ پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ کام کرنے والوں کی حفاظت اور صحت کے تحفظ کے فریم ورک کے اندر کیا گیا ہے، وزارت نے کاروباری مالکان سے مطالبہ کیا کہ وہ کام کے اوقات میں اس انداز میں ترمیم کریں جو ان کے ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

وزارت نے یہ بھی کہا کہ فیصلے کی خلاف ورزیوں کی اطلاع یونیفائیڈ نمبر 19911 کے ذریعے یا وزارت کی موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے دی جا سکتی ہے۔