ایران: پولیس سٹیشن پر حملہ، پاسداران انقلاب کے 3 ارکان سمیت 19 ہلاک

Published On 01 October,2022 08:53 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں پولیس سٹیشن پر مسلح علیحدگی پسندوں کے حملے میں پاسداران انقلاب کے 3 ارکان سمیت 19 افراد ہلاک ہو گئے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس سٹیشن پر حملہ کرنے والے مسلح مظاہرین پر سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوئے۔

ملک کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ جمعہ کے روز ہوا، حملہ آور زاہدان شہر میں ایک مسجد کے قریب نمازیوں کے درمیان چھپ کر قریبی پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا۔

صوبائی گورنر حسین مودریسی نے بتایا کہ حملے میں 19 افراد ہلاک اور رضاکار بسیجی فورس کے اہلکاروں سمیت 32 محافظ زخمی بھی ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اس حملے کا تعلق ایران میں ایک نوجوان ایرانی خاتون کی پولیس حراست میں ہلاکت کے بعد ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں سے تھا۔

ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کے بعد ایران اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔ ایران نے امریکا پر الزام لگایا کہ امریکا، ایران میں بدامنی کا فائدہ اٹھا کر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

ایران انٹیلی جنس وزارت نے میڈیا کو ایک بیان میں کہا کہ 9 نامعلوم افراد کو مظاہروں کے دوران بدامنی پھیلانے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔