بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے ساتھ دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے بلوچستان اور سندھ کے سیلاب متاثرین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لیے خیموں اور دیگر فوری ضرورت کے امدادی سامان سمیت ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ چین نے حال ہی میں پاکستان میں کئی مقامات پر شدید سیلاب آنے کا نوٹس لیا ہے، جس میں بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا ہے، ہم آفت زدہ علاقے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ گہری تعزیت اور متاثرین اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرنا چاہتے ہیں، چین اور پاکستان سچے دوست ہیں جو ایک دوسرے کے غم اور پریشانی میں برابر کے شریک ہیں اور بڑی قدرتی آفات میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ہمیشہ اچھی روایت رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد سے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فریم ورک کے تحت چین کی طرف سے فراہم کردہ 4000 خیمے، 50 ہزار کمبل، 50 ہزار ترپال اور دیگر امدادی اشیاء قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے فراہم کئے جا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ چین نے متاثرین سیلاب کے لیے 25 ہزار خیمے اور دیگر سامان فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، ریڈ کراس سوسائٹی چائنہ نے ہلال احمر ہاکستان کو ہنگامی طور پر 3 لاکھ ڈالر نقد امداد فراہم کر دی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین آفات کی روک تھام اور موسمیاتی تبدیلی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دیتا رہے گا، یہ خیال کیا جاتا ہے کہ پاکستانی حکومت کی قیادت میں اور عالمی برادری کی مشترکہ مدد سے آفت زدہ علاقوں کے لوگ مشکلات پر قابو پانے اور اپنی معمول کی زندگی کو جلد از جلد بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ وینچوآن میں 2008 میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے دوران پاکستان تما م وسائل بروئے کار لاتے ہوئے دستیاب تمام خیمے چین بھجوائے تھے اور چین پاکستان کی مشکل کی گھڑی میں فراہم کردہ اس امداد کو نہیں بھول سکتا۔
خیال رہے کہ رپورٹس کے مطابق مون سون کی شدید بارشوں کے نتیجے میں پاکستان کے صوبوں بلوچستان اور سندھ میں بڑے پیمانے پر سیلاب آنے سے بڑی تباہی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں 700 سے زائد افراد جاں بحق اور 3 لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے ہیں۔