کرونا: اٹلی میں ایک روز کے دوران 793 افراد چل بسے، ہلاکتیں 12836 ہو گئیں

Last Updated On 21 March,2020 11:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس نے دنیا کے 186 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مہلک وباء کے باعث ہلاکتیں 12836 ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 12836ہو گئی ہیں۔ متاثرہ افرادکی تعدادبھی 2لاکھ 97 ہزار 455 سے تجاوز ہو گئی ہے۔

 غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 793 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، سپین میں سب سے زیادہ 285 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ ایران میں ایک دن کے دوران 123 افرادمارے گئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ہالینڈ اور بلجیم میں 30،30، امریکا میں 23، چین اورجرمنی میں ایک دن کے دوران 7 افراد ہلاک ہوئے۔ جنوبی کوریا میں 8، پرتگال اورانڈونیشیامیں 6، ملائیشیا میں 5، سویڈن اورڈنمارک میں 4، 4 ہلاکتیں درج کی گئیں۔

مزید برآں فرانسیسی فضائیہ نے کرونا وائرس کے مریضوں کو دیگر شہروں میں کم رش والے ہسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کردیا، اس اقدام کا مقصد زیادہ مریضوں والے ہسپتالوں پر دباؤ کم کرنا ہے۔

دوسری طرف ایران میں کرونا وائرس سے ملک میں مرنے والے کی تعداد ایک ہزار 556 ہو گئی ہے اور اور اب تک 20ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ چین اور اٹلی کے بعد ایران دنیا بھر میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

دریں اثناء ایرانی صدر نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنے کی امید ظاہر کر دی۔ ایران پر سے پابندیاں اٹھانے کے لیے امریکا پر دباؤ بڑھانے کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر نے کرونا وائرس کے حوالے سے حوصلہ افزا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2 سے 3 ہفتے کے بعد ایران میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آسکتی ہےتاہم انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس دوران سماجی طورپر ایک دوسرے سے دوری کا عمل جاری رکھیں اورباہر نکلنے سے پرہیز کریں۔

ایرانی وزیرصحت علی رضانے بھی کہا کہ کووڈ-19 کا ایران میں زور کم ہو چکا ہے۔

ادھر ایران پر سے پابندیاں ہٹانے سے متعلق امریکا پر دباؤ میں اضافہ جاری ہے، امریکی رکن کانگریس الہان عمر کا کہنا ہے کہ ایران میں ہر دس منٹ میں کرونا وائرس سے موت ہورہی ہے، اس صورت میں ایران پر معاشی پابندیاں برقرار رکھنا غیرانسانی اقدام ہے۔

آکسفیم سمیت 25 بین الاقوامی این جی اوز نے بھی پابندیاں ہٹانے کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھ دیا۔ این جی اوز کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باعث ایران کو میڈیکل معاونت فراہم کرنا ممکن نہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان،چینی وزارت خارجہ اور روس نے بھی امریکا سے پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا نے شہریوں کے لئے 19 روز تک لازمی گھر میں رہنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق 24 مارچ سے 13 اپریل تک تمام شہری گھر پر رہیں گے، شہریوں کو صرف ہسپتال جانے، کھانا اور اشیائے ضرورت خریدنے اور بینک جانے کی اجازت ہوگی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا میں ابھی تک صرف 158 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی،جبکہ کوئی اموات رپورٹ نہیں ہوئیں۔