جاپانی شہزادی ملکہ بننے سے ہچکچانے لگی

Last Updated On 10 December,2018 08:38 pm

ٹوکیو: (دنیا نیوز) کئی سالوں سے ذہنی دباؤ کی شکار جاپانی شہزادی ملکہ بننے سے ہچکچانے لگیں، جاپانی شہنشاہ کی جانب سے تخت و تاج سے دستبرداری کے بعد شہزادی کے شوہر تخت پر براجمان ہوں گے۔

ایک زمانہ تھا جب تخت و تاج کے لیے لوگ خون کی ندیاں بہایا کرتے تھے لیکن ایک خاتون ایسی بھی ہے جو ملکہ بننے سے کترا رہی ہے۔ جی ہاں! جاپانی شہزادی ماساکو ملکہ بننے والی ہیں لیکن وہ تذبذب کا شکار ہیں۔

ہارورڈ اور آکسفرڈ یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ شہزادی ماساکو ایک عرصے سے ذہنی تناؤ کا شکار رہی ہیں، تاہم اب وہ صحت یاب ہو رہی ہیں، ان کو تشویش ہے کہ ملکہ بننے کے بعد جو ذمہ داریاں ان پر عائد ہونگی کیا وہ ان سے نبرد آزما ہو سکیں گی؟

جاپان کے موجودہ شہنشاہ 84 سالہ اکیہیٹو اگلے سال اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو رہے ہیں جس کے بعد شہزادہ ناروہیٹو تخت سنبھال لیں گے اور ساتھ ہی ان کی اہلیہ شہزادی ماساکو جاپان کی ملکہ ہونگی۔