میلبرن: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ملازم نے سالانہ چھٹیاں نہ دینے پر غصے میں نوکری کو ہی خیر باد کہہ دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نول کو اپنے بھائی کی شادی کیلئے انڈونیشیا کے صوبے بالی جانا تھا جس کے لئے اس نے تین ہفتوں کی چھٹیوں کی درخواست دے رکھی تھی۔
کمپنی کی جانب سے ملازم کی چھٹیاں تقریباً منظور ہونے والی تھیں کہ آخری وقت میں آفس سے ایک ملازم اچانک نوکری چھوڑ کر چلا گیا جس کے سبب نول کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آفس انتظامیہ کی جانب سے نول کو کہا گیا کہ وہ تین ہفتوں کے بجائے تین دن کی چھٹی لے سکتا ہے جس پر اس شخص نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ 7 ماہ قبل ہی اپنی بیوی بچوں کی فلائٹ بک کروا چکا ہے اور وہ کئی سالوں بعد اپنے خاندان سے ملے گا جس کیلئے تین دن کی چھٹیاں نہیں لے سکتا۔
منیجر کی جانب سے کسی صورت چھٹیوں کی رضامندی نہ ملنے پر اس شخص نے نوکری ہی چھوڑ دی۔