بغیر کسی سہارے 31 منزلہ عمارت چڑھ کر نوجوان ’حقیقی سپائیڈر مین‘ بن گیا

Last Updated On 24 July,2020 06:07 pm

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانسیسی یو ٹیوبر لڑکا 31 منزلہ عمارت پر بغیر کسی سہارے کے چڑھ گیا، ہوٹل میلیا کی 381 فٹ لمبائی کی مسافت صرف ایک گھنٹے میں طے کرلی۔

تفصیلات کے مطابق فرانسیسی سپائیڈرمین نے بارسلونا کی بلند ترین عمارت پر چڑھ کر نیا اعزاز حاصل کرلیا، یوٹیوبر بغیر ساز و سامان کے 31 منزلہ ہوٹل کی عمارت پر چڑھ گیا۔

بارسلونا میں فرانسیسی یو ٹیوبر لیو اربن نے مہم جوئی کیلئے 381 فٹ کے ہوٹل میلیا کا انتخاب کیا۔381 فٹ عمارت پر چڑھنے کیلئے فرانسیسی سپائیڈرمین کو صرف ایک گھنٹہ لگا جس کے لیے اس نے حفاظتی آلات کا بھی سہارا نہیں لیا

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ کارنامہ اس نے22جولائی کی شام کو انجام دیا، عمارت کی چھت تک پہنچنے میں اسے60منٹ لگے یہ تمام مناظر عمارت کے نیچے کھڑے لوگ دلچسپی سے دیکھ رہے تھے۔

لیو اربن نے چھت پر پہنچتے ہی وکٹری کا نشان بنایا اپنے ہاتھوں کو ہوا میں لہرایا، چھت پر پولیس اور ہوٹل کے کارکنوں کی ایک ٹیم اس کا انتظار کر رہی تھی۔

اس حوالے سے بارسلونا کی سٹی کونسل کا کہنا ہے کہ اربن کی چڑھائی کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی ہوٹل کو کسی چیز کو کوئی نقصان پہنچا ہے اور ویسے بھی یہ ہوٹل اب بھی کورونا وائرس کی وجہ سے بند ہے۔