اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ ایکس کی بندش کا فیصلہ وفاقی حکومت کا ہے، وفاقی حکومت جب کہے گی ایکس کھول دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہماری ایکس سے شکایات کی شرح بہت زیادہ ہے، ایکس صرف 27 فیصد کمپلائنس کرتا ہے، ایکس کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے، سندھ ہائیکورٹ میں ایکس کی کمپلائنس نہ ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایکس کے علاوہ سوشل میڈیا کی 93 فیصد کمپلائنس ہے، 2023 میں بھارت میں 116 اور پاکستان میں 7 مرتبہ انٹرنیٹ بند ہوا، انٹرنیٹ کی بندش کا دفاع نہیں کرتا لیکن قومی سلامتی ترجیح ہے، اس مرتبہ عاشورہ پر موبائل سروس کم بند ہوئی، صرف مخصوص وقت میں مخصوص علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند ہوئی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بنگلا دیش میں بھی انتخابات کے دوران موبائل سروس بند ہوئی، ہر ملک کے اپنے سکیورٹی حالات ہیں، انٹیلی جنس رپورٹس پر بندش کا فیصلہ ہوتا ہے، سکیورٹی حالات کے باعث پنجگور میں اس وقت موبائل ڈیٹا بند ہے۔