راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کر دیا۔
نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب کا انعقاد راولپنڈی میں ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزراء اور اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ٹیکنالوجی پارک ایک قومی اور سٹریٹجک اہمیت کے منصوبے کے طور پر ملک کیلئے کثیر جہتی فوائد حاصل کرے گا، منصوبہ پاکستان میں تکنیکی ترقی کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
اس منصوبے سے آنے والی نسلوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا ہو گا اور پاکستان کی خود انحصاری کے سفر میں بھی یہ منصوبہ اہم سنگ میل ثابت ہو گا، نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک انڈسٹری اکیڈمیہ لنکیج قائم کرے گا۔
مزید برآں یہ منصوبہ ایوی ایشن، سپیس اور سائبر کے میدانوں میں ضروری عناصر کا ایکو سسٹم فراہم کرے گا، سربراہ پاک فضائیہ کی انتھک کاوشوں اور چیف آف آرمی سٹاف کے تعاون سے یہ منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔