اسلام آباد: (دنیانیوز) صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی کھلاڑی عامر خان کو تھائی لینڈ میں ہونے والی 7ویں تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباددی ہے ۔
صدرمملکت آصف زرداری نے تائیکوانڈو کے مقابلے میں شاندار کارکردگی پر عامر خان کو سراہتے ہوئے کہا کہ عامرخان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا، امید ہے کہ عامر خان مستقبل میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، کھیل کے میدان میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف کھیلوں پر توجہ اور فروغ دینے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے عامر خان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
واضح رہے کہ سوات کے علاقے مینگورہ سے تعلق رکھنے والے عامر خان نے بنکاک میں ساتویں ہیروز تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے بھارت، نیپال اور فلپائن کے کھلاڑیوں کو ہرا کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔