ہانگ زو: (ویب ڈیسک ) چین کے شہر ہانگ زو میں جاری 19 ویں ایشین گیمز میں ہاکی کے ایونٹ میں پاکستان اپنے گروپ کا آخری اور پانچواں میچ جاپان کے خلاف ( آج ) 2 اکتوبر کو کھیلے گا۔
اس حوالے سے اولمپین راؤ سلیم ناظم اور انٹرنیشنل کھلاڑی یامین بھٹی نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو جاپان کے خلاف میچ جیتنا بہت ضروری ہے ، متحد ہوکر جذبے کے ساتھ کھیلیں تو انشاء اللہ جاپان کے خلاف کامیابی حاصل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کا بھارت کے خلاف اتنے بڑے مارجن سے ہارنا افسوسناک بات ہے۔
ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں بارہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ، جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
پاکستان سمیت بھارت، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمیں گروپ اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا ، ملائشیا، چین، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں گروپ بی میں شامل ہیں۔