روس میں فٹبال ورلڈ کپ کا میلہ سج گیا

Last Updated On 15 June,2018 08:52 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) انتظار کی گھڑیاں ختم، ماسکو میں فٹبال ورلڈکپ کا میلہ سج گیا۔ پہلے میچ میں روس کی فٹبال ٹیم سعودی عرب کی ٹیم کا سامنا کرے گی۔ آرمی کی ٹیمیں بھی سیکیورٹی دستوں میں شامل ہیں۔

فٹبال کا اگلے چار سال کیلئے چیمپئن کون بنے گا؟ 32 ممالک کے درمیان روس میں فاتح عالم کی جنگ کا آغاز ہوگیا۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ پہلے میچ میں میزبان روس کی ٹیم سعودی عرب کے خلاف میدان میں اترے گی۔ فٹبال دیوانے ماسکو سٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ پولیس کے ساتھ ساتھ روس کی آرمی نے بھی سیکیورٹی کا انتظام سنبھال لیا ہے۔

شائقین فٹبال بھی پرجوش ہیں انہوں نے میچ دیکھنے کے لیے رنگ برنگے لباس زیب تن کرلیے ہیں۔ ورلڈکپ کی خوشی میں روسی صدر پیوٹن سمیت ہزاروں شائقین نے کنسرٹ میں بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ 2014 کے فائنل میں ارجنٹائن کو ہرانے والی جرمن ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔