عمران خان کو رہا کئے بغیر کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتے: علی امین گنڈا پور

Published On 21 March,2025 07:28 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعلی خیبر پختوانخوا علی امین گنڈاپورنے کہا ہے کہ عمران خان کو رہا کئے بغیر کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتے۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی جانب سے افطار پارٹی کی تقریب کےبعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو درپیش مالی مشکلات سے نکال دیا ہے، صوبہ اس وقت 159 ارب روپے سرپلس ہے، صوبہ پنجاب 148 ارب روپے خسارہ میں ہے، ہم صوبہ میں شفافیت لائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے ہمارے صوبے میں کرپشن ہورہی ہے، اگر کرپشن ہورہی ہوتی تو صوبہ سرپلس ہوتا ؟ ایسی کرپشن تو پھر تمام صوبوں میں ہونی چاہیے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی وہی سپرٹس ہیں، ان سے ہر موضوع پر بات ہوجاتی ہے، عمران خان سے ملاقات کے لئے بہت کم ٹائم ملتاہے، قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے متعلق میں نے بانی سے کہا کہ شرپسندوں کو دوبارہ جڑیں پکڑنے کا موقع ملا وہ ہماری پالیسیوں کی غلطی ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان کے ساتھ ہزاروں کلومیٹر کی سرحد ہے، جب میں افغانستان سے مذاکرات کی بات کرتا ہوں تو مخالفت کی جاتی ہے، پی ڈی ایم حکومت میں بھی طالبان سے بات کرنے کا فیصلہ ہوا، ملک میں بہتری کے لیے قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کئے بغیر کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتے، عوام کے بغیر کوئی لڑائی نہیں جیتی جا سکتی، دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنے کےلئےعوامی اعتماد ضروری ہے، عوامی رائے کے ساتھ چلنا پڑے گا۔