راولپنڈی: (دنیا نیوز) 9 مئی کے 13 مقدمات کے سلسلے میں چالان کی نقول جمع نہ ہونے پر عدالت نے تفتیشی افسران کی سرزنش کر دی۔
سانحہ 9 مئی کے 13 مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی جس میں آج تمام کیسز میں نامزد 429 ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کی جانی تھیں، قبل ازیں عدالت نے تمام تھانوں کے تفتیشی افسران سے چالان کی مکمل کاپیاں طلب کی تھیں۔
آج کی سماعت میں 9 مئی کے 13 مقدمات کے چالان کی مکمل نقول جمع نہ ہو سکیں جس پر عدالت نے تفتیشی افسران کی سخت سرزنش کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر چالان کی نقول پیش کرنے کا حکم دیا۔
سماعت میں شیخ رشید احمد اور فیاض الحسن چوہان عدالت پیش ہوئے جبکہ دیگر ملزمان کی بڑی تعداد غیر حاضر رہی جن کی جانب سے حاضری معافی کی درخواستیں جمع کروائی گئیں، عدالت میں مرکزی ملزمان عمر ایوب، شبلی فراز، شیریں مزاری، علی محمد بھی پیش نہ ہوئے۔
واضح رہے کہ ان مقدمات میں جی ایچ کیو گیٹ ون، میٹرو بس سٹیشن جلانے سمیت صدر کی حساس عمارت جلانے کے کیسز بھی شامل ہیں۔
بعدازاں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 9 مئی کے 13 مقدمات پر سماعت ملتوی کردی۔